29/1, Tiljala Road, Panjabi Para, Kolkata - 46 +91-9883724452 info@qewt.in

امام احمد رضا ایک عظیم عبقری شخصیت

(از: محمد وسیم خان اشرفی جالوی ، سربراہ اعلیٰ: دارالعلوم اشرفیہ قطبیہ کولکاتا ) Post Date: 2026-08-09

امام احمد رضا ایک عظیم عبقری شخصیت

اے رضا تیری رضا ہے الفت سادات میں 

واقف سر سیادت اے  امام احمد رضا

مفتیان دہر تیرے فقہ میں ہیں مقتدی 

تجھ کو حاصل ہے امامت اے امام احمد رضا


دنیائے نیست و نابود میں کچھ ایسی انمول شخصیتیں صفحۂ ہستی پر نمودار ہوئی ہیں ، جنھیں دنیا کبھی ان کے علمی کار ناموں سے یاد کر تی ہے ، کبھی ان کے تبلیغی محنتوں کے سبب یاد کرتی ہے ، تو کبھی ان کے حسن اخلاق و کردار کے حوالے سے یاد کرتی ہے تو کبھی وعظ و نصیحت کے بنا پر یاد کر تی ہے ، کبھی ان کی تصنیفات کی بنا پر یاد کرتی ہے تو کبھی رشد و ہدایت کی وجہ سے تو کبھی شعر و شاعری کی لازوال خزانوں کی بنا پر ، کبھی ضیا بار زہد و تقا کی بنا پر یاد کرتی ہے، کبھی تجدیدی کار ناموں کے حوالے سے،کبھی عشق رسالت و آل رسالت کے سبب یاد کرتی ہے کبھی کوئی اور صورتیں ہوتی ہیں الغرض جنھیں دنیا ان کے حیات ظاہری سے روپوش ہونے کے بعد بھی یاد کرتی ہے اور وہ اپنے کارہائے نمایا کے سبب عاشقوں کے دلوں میں ، ان کی مجلسوں میں زندہ وجاوید رہتے ہیں انھی پاک باز بندۂ خدا میں سے ایک مجدد دین و ملت کنزالکرامت امام عشق و محبت اعلیٰ حضرت محب سادات سرکار امام احمد رضا خان فاضل بریلوی علیہ الرحمۃ و الرضوان کی بھی ذات ستودہ صفات ہے جسے خالق کائنات عز وجل نے اپنے پیارے حبیب سارے جہاں کے طبیب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے طفیل بہت سی خوبیوں سے نوازا ہے ۔

 اللہ تعالیٰ نے ذہن و علمی صلاحیت سے ایسا نوازا کہ آپ نے کم و پیش ایک ہزار سے زائد کتابیں تصنیف فرمائی اور ہر کتاب کا نام ایسا انتخاب فرمایا جس سے اس کتاب کی تحریر کردہ سال کا عدد نکل رہا ہے ۔ حرم کعبہ کے صحن میں بیٹھ کر ثبوت علم غیب پر بغیر ظاہری وسائل کے صرف اپنی خداداد قوت و یاد داشت کی بنا پر جب کتاب تحریر کیا تو “ الدولۃ المکیۃ بالمادۃ الغیبیۃ” دلاہین و براہین سے پر ایک عظیم کتاب تحریر فرمادی، ایسے ہی جب  مٹی اور پانی پر قلم بند کیا تو ایک ایسا نادر فتوی  ”العطایا النبویة فی الفتاوی  الرضویة “ میں تحریر فرمایا ، جس میں آپ نے ایک سو اکاسی (۱۸۱) ایسی چیزوں کے نام گنواۓ ہیں ،جن سے تیمم کیا جاسکتا ہے ، اس میں ۷۴ منصوصات (یعنی وہ مساٸل واحکام جنھیں فقہاء متقدمین نے بیان فرمایا ) اور ۱۰۷ مزیدات (یعنی وہ مساٸل واحکام جنھیں آپ نے اپنے اجتہاد واستنباط سے بیان فرمایا ) ہیں ۔ اور پھر ایک سو تیس (۱۳۰) ایسی اشیاء کے نام تحریر کیے ہیں ،جن سے تیمم کرنا جاٸز نہیں ہے ، ان میں ۵۸ منصوصات اور ۷۲ زیادات ہیں -


اسی طرح امام اہلسنّت اعلی حضرت امام احمدرضا خان علیہ الرحمہ نے وضو کےلیے پانی کے اقسام پر بحث کرتے ہوۓ ایسے پانی کی ایک سو ساٹھ(۱٦۰) قسمیں بیان کی ہیں ، جس سے وضو کرنا جاٸز ہے اور وہ پانی جس سے وضو جاٸز نہیں ، اس کی ایک سو  چھیالیس (۱۴٦)اقسام بیان فرماٸی ہیں، اور اسی طرح پانی کے استعمال سے عجز کی ایک سو پچھتر(۱۷۵)  صورتیں بیان فرماٸی ہیں -


چودھوی صدی میں اللہ تعالی نے جن ذوات مقدسہ کا خصوصیت کے ساتھ انتخاب فرمایا دین متین کی خدمتوں کے لیے اور اس کے بندوں کے دلوں میں نبی و آل نبی کی الفت و مؤدت مع عشق صحابہ راسخ کرنے کے لیے ان ناموں میں سے ایک بڑے حضرت سرکار سید اشرف حسین علیہ الرحمہ، مجدد سلسلۂ اشرفیہ سرکار علی حسین اشرفی میاں اور سرکار اعلی حضرت امام احمد رضا خان فاضل بریلوی علیہم الرحمہ کا نام نمایاں نظر آتا ہے ۔ اور ان بزرگوں میں ایک گہرا ربط و ضبط ، محبت و الفت ، ایک دوسرے کے مقام و مرتبہ کا خوب لحاظ و خیال رہا آپس میں ۔یہی وجہ ہے کہ سرکار اشرفی میاں کی سواری جب بریلی شریف اسٹیشن سے گزرتی تو اعلیٰ حضرت سرکار اپنے قیام گاہ میں تعظیم آل رسول و نائب رسول میں کھڑے ہو جاتے تو اشرفی میاں ٹرین میں مجدد اعظم نائب رسول کی توقیر میں کھڑے ہوجاتے تھے ۔ اور بڑے حضرت برادر و شیخ اشرفی میاں ، صاحب سجادہ ، والد سید جعفر اشرف ، مصدق فتاوی رضویہ سید محی الدین اشرف کے جد امجد، سرکار سید اشرف حسین علیہ الرحمہ نے اپنے دور میں فروغ رضویات کا ایک ایسا کردار ادا کیا جو شاید آپ کے بعد کسی نے ادا نہیں کیا ہو۔


اشرف الاولیاء سیدشاہ اشرف حسین کچھوچھوی علیہ الرحمہ کا دور اعلیٰ حضرت امام احمدرضا خاں فاضل بریلوی علیہ الرحمہ کا ابتداٸی دور تھا - ہندوستانی مذہبی تاریخ میں آپ کا نام اور کام اپنی جگہ بنا رہا تھا - حضرت اشرف الاولیاء نے اس دور میں آپ کی تصنیفات و پیغامات کو عام کرنے کا ایسا طریقہ اختیار کیا جو انوکھا اور عجیب وغریب تھا - وہ طریقہ یہ تھا کہ جب آپ کسی مرید کو اپنا شجرہء طریقت دیتے تو اعلیٰ حضرت محدث بریلوی رحمۃ اللہ علیہ  کی کسی کتاب کا نام اس میں لکھ دیتے اور اس مرید کو وہ کتاب پڑھنے کی تاکید کردیتے - فروغ رضویات کا یہ طریقہ شاید آپ سے شروع ہو کر آپ ہی پر ختم ہوگیا -


(رسالہ سہ ماہی،” پیغام مصطفیٰ “ جون تااگست ۲۰۱۹ء ص ۳۹ )


اعلی حضرت علماء ذوی الاحترام کی نگاہ میں


ڈاکٹر مفتی سیّد شجاعت

 علی قادری فرماتے ہیں: اعلیٰ حضرت میں امام احمد بن حنبل اور شیخ عبدا لقادر جیلانی کا سا زہدو تقویٰ تھا، ابوحنیفہ اور ابو یوسف کی سی ژرْف نِگاہی (گہری نظر) تھی، رازی و غزالی کا سا طَرزِ استدلال تھا، وہ مُجدِّدِ اَلفِ ثانی اور منصور حَلَّاج کا سا اِعلائے کلمۃُ الحق کا یارا رکھتا تھا، دشمنانِ اسلام کے لئے اَشِدّاءُ عَلَی الْکُفَّار کی تفسیر اور عاشقانِ مصطفیٰ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ وسلَّم کے لئے رُحَمَاءُ بَیْنَہُمْ کی تصویر تھا۔

فاضلِ بریلوی اور ترکِ موالات، ص53


قال الشيخ حسين بن صالح المكي الشافعي: والله إني لأرى نور الله في جبين الإمام أحمد رضا خان.

شیخ حسین بن صالح المکی الشافعی نے فرمایا: "خدا کی قسم! میں امام احمد رضا خان کی پیشانی پر اللہ کا نور دیکھتا ہوں۔


قال العلامة السيد محمد بن العربي: إذا جاءنا رجل من الهند فسألناه عن الشيخ أحمد رضا خان، فإن مدحه علمنا أنه من أهل السنة، وإن ذمه علمنا أنه من أهل البدع، وهذا معيارنا.

علامہ سید محمد بن عربی نے فرمایا: 

جب ہمارے پاس ہندوستان سے کوئی شخص آتا تو ہم اس سے شیخ احمد رضا خان کے بارے میں پوچھتے، تو اگر وہ ان کی تعریف کرے تو ہم جان لیتے کہ وہ اہل سنت سے ہے، اور اگر وہ ان کی مذمت کرے تو ہم جان لیتے کہ وہ اہل بدعت میں سے ہے، اور یہی ہمارا معیار ہے۔


قال السيد محمد علوي المالكي، قاضي القضاة بمكة: نحن نعرف الإمام أحمد رضا بتصنيفاته وتأليفاته، حبه علامة السنة وبغضه علامة البدعة.

مکہ مکرمہ کے قاضی القضاۃ (چیف جسٹس) سید محمد علوی مالکی نے فرمایا:"ہم امام احمد رضا کو ان کی تصانیف اور تالیفات کے ذریعے پہچانتے ہیں؛ ان سے محبت کرنا اہل سنت کی نشانی ہے اور ان سے بغض رکھنا اہل بدعت کی نشانی ہے۔"


قال الشيخ عبد الله بن عبد الرحمن سراجي: لقد وجدّد الله بالدعاة العلماء الدين في كل عصر، ومنهم العلامة الهمام الإمام أحمد رضا.


شیخ عبد اللہ بن عبد الرحمن سراجی نے فرمایا:"بے شک اللہ تعالیٰ نے ہر دور میں  علماء دین کے ذریعے دین کی تجدید فرمائی ہے، اور انھی میں سے ایک حضرت علامہ، امام احمد رضا بھی ہیں۔"


بہر کیف! اللہ تعالی ہمیں بزرگان دین سے سچی عقیدت عطا فرماۓ ۔ آمین

whatsapp

Get In Touch

29/1, Tiljala Road, Panjabi Para, Kolkata - 46

info@qewt.in

+91-9883724452

A