29/1, Tiljala Road, Panjabi Para, Kolkata - 46 +91-9883724452 info@qewt.in

فضائل غوث اعظم رضی اللہ عنہ

محمد وسیم اصغر خان اشرفی جالوی خطیب و امام مسجد محبوب رحمانی، ناظم اعلی دارالعلوم اشرفیہ قطبیہ کولکاتا Post Date: 2024-10-14

فضائل غوث اعظم رضی اللہ عنہ

واہ کیا مرتبہ اے غوث ہے بالا تیرا

اونچے اونچوں کے سروں سے قدم اعلی تیرا

سر بھلا کیا کوئی جانے کہ ہے کیسا تیرا

اولیا ملتے ہیں آنکھیں وہ ہے تلوہ تیرا 

کیا دبے جس پہ حمایت کا ہو پنجہ تیرا

شیر کو خطرے میں لاتا نہیں کتا تیرا 

سارے اقطاب جہاں کرتے ہیں کعبے کا طواف

کعبہ کرتا ہے طواف در والا تیرا


اس خاکدان گیتی پر کچھ ایسے بھی خداوند قدوس کے خاص و مقبول بندے ہیں جن کے دم قدم سے صرف باطلوں و سر کش قوموں کا ہی نہیں شیرازہ بکھرا بلکہ ان کے فیوض و برکات سے ہر خاص و عام کا کاسۀ گدائی مستفیض و مستنیر ہو رہا ہے جدھر نگاہ کیمیا پڑ گئی تو وہ کشت ویراں بھی ہو تو رشک گلزار ہوجاتا ہے ، ادنی ہو تو اعلی ہوجاتا ہے ۔ انہیں پاک باز اور قدسی صفات اولیاء اللہ میں سے میر میراں ، پیر پیراں ، شیخ الانس والجن ، قطب ربانی ، غوث صمدانی ، شیخ عبد القادر جیلانی رضی اللہ عنہ کی ذات ستودہ صفات ہے۔ 

اسم گرامی : عبد القادر 

والد ماجد : ابو صالح موسی جنگی دوست 

والدہ ماجدہ : فاطمہ بنت عبد اللہ صومعی 

کنیت : ابو محمد 

القاب : محی الدین ، غوث اعظم ولادت : یکم رمضان المبارک 470 ھجری 

جاۓ ولادت : شہر گیلان یعنی جیلان 

شجرۀ نسب : 

والد ماجد حضرت موسی جنگی دوست کا سلسلۀ نسب نواسۀ رسول حضرت سرکار امام حسن رضی اللہ عنہ اور والدہ محترمہ کا سلسلۀ نسب سید الشھدا حضرت سرکار امام حسین رضی اللہ عنہ پر منتہی ہوتا ہے ۔ اسی وجہ سے آپ حسنی حسینی سید ہیں۔ 

توحسنی حسینی کیوں نہ محی الدیں ہو

اے خضر مجمع بحرین ہے دریا تیرا

( اعلی حضرت امام احمد رضا علیہ الرحمہ ) 


حضرت سرکار ابوموسی جنگی دوست رحمة اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ عبدالقادر جیلانی کی شب ولادت سرکار مدینہ ﷺ مع صحابۀ کرام رضوان اللہ تعالی علیھم اجمعین دولت خانہ میں جلوہ افروز ہوۓ اور ان الفاظ سے بشارت دی " یا ابا صالح اعطاك الله ابنا و ھو ولیي و محبوبي و محبوب الله تعالی وسیکون له شأن في الاولیاء و الاقطاب کشأني بین الانبیاء و المرسلین" ( تفریح الخاطر: ص 120)  

اے ابوصالح ! خالق کائنات نے تم کو ایک ایسا فرزند ارجمند عطا فرمایا ہے جو میرا ولی اور میرا محبوب ہے اور اللہ تعالی کا بھی محبوب ہے۔ عنقریب اس کی جمیع اولیاء و اقطاب کے درمیان وہ شان ہوگی جو انبیا اور رسولوں کے بیچ میری شان ہے۔ 

اوست در جملہ اولیاء ممتاز

 چوں پیمبر از انبیاء ممتاز ( شیخ عبد الحق محدث دہلوی ) 

غوث أعظم در ميان أولياء 

چوں محمد درمیان انبیاء 


جس وقت قطب ربانی ، مرشد روحانی ، غوث صمدانی شیخ عبدالقادر جیلانی رضی اللہ عنہ کی ولادت ہوئی اس وقت آپ کی والدہ ماجدہ کی عمر سعید 60 برس تھی ۔ اطباء و حکما کے تجربات و مشاہدات یہ ہیں کہ اس عمر میں کسی عورت کا ماں بننا محال ہے اسی لیے علماۓ کرام بیان کرتے ہیں کہ غوث اعظم کی ولادت بھی آپ کی والدہ ماجدہ کی ایک بہت بڑی کرامت ہے اس ضعیفی کی عمر میں نورانی آغوش مادر علم و عرفاں کا نیرتاباں ولایت و حکمت کا ایسا آفتاب و ماہتاب طلوع ہوا جس کی ضیابار کرنوں سے صرف اہل خاندان ہی نہیں بلکہ سارے عالم کے عام و خاص روشن و منور ہو رہے ہیں۔


علماۓ تحقیق رقم طراز ہیں کہ آپ مادر زاد ولی ہیں اور آپ کی پہلی کرامت جو ظاہر ہوئی وہ یہ ہے کہ ماہ صیام میں طلوع فجر سے غروب آفتاب تک دودھ نوش نہیں فرماتے تھے۔ آپ کی والدہ ماجدہ حضرت فاطمہ ام الخیر ام الجبار رحمة اللہ علیہا فرماتی ہیں " کان لا یرضع ثدی فی نھار رمضان و علی الناس ھلال رمضان فأتوني و سلوني عنه فقلت اویلتقم الیوم ثدیا" (بھجة الاسرار: ص 89 ) 

میرے فرزند عبد القادر صغر سنی رمضان المبارک کے دنوں میں دودھ نہیں بیتے تھے ایک دفعہ ماہ رمضان کے چاند میں لوگوں کو بادل کے سبب شک پیدا ہو گیا صبح میں مجھ سے لوگوں نے دریافت کیا آج روزہ ہے کہ نہیں ؟ تو میں نے کہا : چوں کہ میرے شہزادے عبد القادر نے آج دودھ نہیں پیا ہے اس لیے آج روزہ ہے ۔

 " فانتشروا في ذالک الوقت بجیلان انه ولد للاشراف ولد لایرضع في نھار رمضان " (قلائد الجواہر :ص 7) اسی زمانے میں شہر جیلان میں شور ہوگیا کہ سادات کے گھرانے میں ایک لڑکا تولد ہوا ہے جو ماہ رمضان کے دن کو دودھ نوش نہیں فرماتا ۔ 

حضرت شاہ ولی اللہ محدث دہلوی نے لمعات میں فرمایا ہے کہ سارے اولیاۓ امت اور اصحاب سلاسل میں جن کی روحانیت کا مقام سب سے ارفع ہے اور جن کی قوت نسبت سب سے اتم و اکمل ہےوہ حضرت شیخ محی الدین عبدالقادر جیلانی ہیں ۔ یہی وجہ ہےکہ آپ کے زمانے سے لیکر سیدنا امام مہدی رضی اللہ عنہ تک کوئی بھی اس منصب عظیم و جلیل یعنی غوثیت کبری پر نہ ہوگا بلکہ سب نائب غوث اعظم ہوں گے ۔ ہاں ان سے حضور ﷺ سے امام حسن عسکری تک چند نفوس قدسیہ درجہ بدرجہ اس عظیم مقام پر رونق افروز تھے ۔ سرکار اعلی حضرت امام احمد رضا خان قدس سرہ العزیز رقم طرازہیں " حضور غوث پاک تنہا غوثیت کبری کے درجہ پر فائز ہوے۔ حضور غوث اعظم بھی ہیں ، سید الافراد بھی ، حضور کے بعد جتنے ہوۓ اور جتنے ہوں گے حضرت امام مہدی تک سب نائب غوث اعظم ہوں گے۔ پھر امام مہدی رضی اللہ تعالی عنہ کو غوثیت کبری عطا ہوگی" ۔ ( الملفوظ ، جلد اول ، ص 120 ) 

مقام غوث پاک اور فضیلت غوث صمدانی کے تعلق سے حضرت خضر علیہ السلا فرماتے ہیں : ما اوصل الله تعالی ولیا الی مقام الا وکان الشیخ عبد القادر اجله ، و ما اتخذالله ولیا کان او یکون الا و ھو یتأدب معه الی یوم القیامة" خداۓ پاک عز وجل نے جس ولی کو مقام پر فائز فرمایا شیخ عبد القادر اس سے اعلی رہے اور مقرب کو کوئ حال عطا کیا شیخ عبدالقادر اس سے بالا رہے۔ اللہ تعالی کے جتنے اولیاء ہوں گے تا قیامت سب شیخ عبدالقادر جیلانی کا ادب کریں گے۔ ( فتاوی رضویہ، ج 12 ص 223 )

whatsapp

Get In Touch

29/1, Tiljala Road, Panjabi Para, Kolkata - 46

info@qewt.in

+91-9883724452

A