08/09/2026
میسج پر طلاق ہوگی یا نہیں؟
السلام علیکم و رحمتہ الله و برکاته
کیا فرماتے ہیں علماء کرام و مفتیان شرع متین مسٔلہ ذیل میں ؟
عبدالوہاب و اسکی بیوی ناصرین خاتون کے درمیان موبائل پر واٹس ایپ پہ میسج کے ذریعہ بات ہو رہی تھی اسی بیچ ناراضگی بڑھی بیوی ناصرین خاتون مطالبہ کرتی ہے تحریر کر کے کہ مجھے طلاق دے دیجۓ شوہر عبدالوہاب نے بھی جذبات میں آکر تین مرتبہ طلاق طلاق طلاق تحریر کر کے میسیج کر دیا اب شوہر و بیوی دونوں کا کہنا ہے کہ دلی ارادہ نہیں تھا غصہ میں موبائل پر ناراضگی کے طور پر چاٹینگ میسیج کر رہے تھے عرض یہ ہے کے اس صورت میں طلاق ہوئ یا نہیں اگر طلاق ہوئ تو شوہر عبدالوہاب کا کہنا ہے یہ کیسا اسلامی قانون ہے پاکستان و اسلامی ممالک اور ہندستان کے دیگر مسلک کے علماء کی نگاہوں میں طلاق نہیں ہوئ حقیقت کیا ہے قرآن و حدیث کی روشنی میں جواب فرما کر شکریہ کا موقع عنایت فرمائیں؟
سائل: فقیر علی احمد قادری تیغی مظفرپور بہار ۔
وعلیکم السلام ورحمة الله و برکاته
الجواب بعون الملك الوھاب بر صدق مستفتی صورت مسئولہ میں زید کی زوجہ ہندہ پر طلاق مغلظہ پڑگئی ، طلاق اکثرغصہ و ناراضگی ہی میں دی جاتی ہے خوشی میں کوئی نہیں دیتا ہے۔۔
حدیث پاک میں ہے:
عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ، قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: " ثَلَاثٌ جِدُّهُنَّ جِدٌّ، وَهَزْلُهُنَّ جِدٌّ النِّكَاحُ، وَالطَّلَاقُ، وَالرَّجْعَةُ ". قَالَ أَبُو عِيسَى: هَذَا حَدِيثٌ حَسَنٌ غَرِيبٌ، وَالْعَمَلُ عَلَى هَذَا عِنْدَ أَهْلِ الْعِلْمِ مِنْ أَصْحَابِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ وَغَيْرِهِمْ۔۔
صریح الفاظ کے ساتھ دی گئی طلاق میں نیت و ارادہ بیان کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
علامہ زین العابدین ابن نجیم حنفی کی الاشباہ والنظائر میں ہے :
"الصريح لا يحتاج إلى النية"-
المغنی میں ہے : "صريح الطلاق لا يحتاج إلى نية بل يقع من غير قصد ولا خلاف في ذلك" ۔
بدائع الصنائع في ترتيب الشرائع میں ہے:
"أما الصريح فهو اللفظ الذي لا يستعمل إلا في حل قيد النكاح، وهو لفظ الطلاق"۔
ھذا ماظھر لي من العلم و العلم عند الله تعالیٰ و رسوله الاعلیٰ جل جلاله صلی الله علیه و آله وصحبه وبارك وسلم۔
کتبه
فقیر اشرفی
محمد وسیم اصغر خان اشرفی جالوی
خادم: قادری سمنانی دار الافتا کولکاتا ۔
مصنف: مفتی محمد وسیم اصغر خان اشرفی جالوی قادری سمنانی دارالافتا کولکاتا
Qutbiya Educational & Welfare Trust, based in Kolkata, is a distinguished charitable organization dedicated to fostering education and advancing welfare initiatives within the community. / Through its noble endeavors, the Trust endeavors to uplift marginalized individuals, promote literacy, and facilitate sustainable development.
قطبیہ ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ، جو شہر کولکاتا میں، ایک ممتاز رفاہی تنظیم ہے- جو تعلیم کو فروغ دینے اور کمیونٹی کے اندر فلاحی اقدامات کو آگے بڑھانے کے لیے وقف ہے۔ اپنی عظیم کوششوں کے ذریعے، ٹرسٹ پسماندہ افراد کی ترقی، خواندگی کو فروغ دینے، اور پائیدار ترقی کی سہولت فراہم کرنے کی کوشش میں مصروف ہے۔
© Qutbiya Educational & Welfare Trust. All Rights Reserved.